راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کے کیڈٹس نے آئی ایس پی آر کا یادگاری دورہ کیا، جہاں ان کی ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی۔
اس موقع پر کیڈٹس نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ کیڈٹس نے کیڈٹ کالج بٹراسی کے شہداء کی تصاویر پر مشتمل یادگاری سووینئر بھی ڈی جی آئی ایس پی آر کو پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سووینئر مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے قربانی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ کیڈٹس نے افواجِ پاکستان میں شمولیت کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
بیان کے مطابق کیڈٹ کالج بٹراسی کے 300 سے زائد فارغ التحصیل کیڈٹس افواجِ پاکستان کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔




