چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر نے کہا ہے کہ پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات نہیں کی جاتی، لیکن ملک اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور پاکستان کا کوئی بھی ضلع اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہا۔

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز اکیڈمی میں زیرِ تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر کا کہنا تھا کہ ملک کے اصل مسائل کے جواب میں اکثر جذباتی نعرے پیش کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق ملک کو تقسیم نہ کرنے کی بات کی جاتی ہے کیونکہ دھرتی ماں ہوتی ہے، تاہم صوبائی حدود اور سرحدیں وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی رہی ہیں۔

میاں عامر نے سندھ سے متعلق معروف نعرے ’’مرسوں مرسوں، سندھ نہ ڈیسوں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ نہ دینے کی بات اپنی جگہ، لیکن سکھر میں مرنے والے بچوں کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں ملک کی مجموعی ترقی، اضلاع کی کارکردگی اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔