لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مولانا جیسے سیاست دان سے دہشت گردی کے پشت پناہوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی۔

مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ جن عناصر کی حمایت میں بیانات دیے جا رہے ہیں، انہوں نے دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں وسائل فراہم کیے اور پاکستان پر حملوں کے لیے سہولتیں مہیا کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسر اور جوان آج بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مخالفت کرنے والوں کا ساتھ دینا مناسب نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت خود بھی دہشت گردی سے متاثر رہی ہے اور ان کے ساتھیوں نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جن لوگوں کی حمایت کی جا رہی ہے، کیا وہ گزشتہ 13 برس کے دوران کسی شہید کے جنازے میں شریک ہوئے؟

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کے وسائل دھرنوں اور احتجاجوں پر خرچ کیے اور صوبے کے عوام کی زندگیوں کو متاثر کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ معرکۂ حق کے فاتح سپہ سالار سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے الفاظ نے محبِ وطن پاکستانیوں کو دکھ پہنچایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ماضی میں جن سیاسی رہنماؤں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کی جاتی رہی، آج ان کی حمایت کرنا بھی سوالات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار بھی خود پی ٹی آئی کو قرار دیا۔