کاکول: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستانی سرحدوں پر جارحیت اور سرحد پار سے دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور سرحدوں کے دفاع کا عزم غیر متزلزل ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں کیڈٹس نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل سید عامر رضا تھے، جبکہ غزنوی کمپنی کو قائداعظم بینر سے نوازا گیا۔
جنرل عامر رضا نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے اور کامیاب کیڈٹس سمیت ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے بنگلادیش، سری لنکا اور دیگر دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی مبارکباد پیش کی اور خواتین کیڈٹس کی شرکت کو باعثِ افتخار قرار دیا۔
خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیڈٹس ملک کی سلامتی میں بھرپور کردار ادا کریں اور پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کریں۔ ان کے مطابق دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے اہم اصول ہیں، جبکہ ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی ذمہ داری کیڈٹس کے کندھوں پر ہوگی۔
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور جدید جنگی ضروریات کے مطابق خود کو تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجی ملک کی حفاظت کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔
علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے جنرل عامر رضا نے کہا کہ کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے سفارتی اور ثالثی کردار کو عالمی سطح پر دیکھا گیا، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے کردار نے خطے میں اس کی تزویراتی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد معاہدے کو خطے میں امن کی بنیاد قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور میں ناکامی کے بعد مخالف قوت نے گرے زون کارروائیوں اور بیانیے کی جنگ کا راستہ اختیار کیا ہے۔ جنرل سید عامر رضا نے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے پر بھی زور دیا۔




