اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محمود خان اچکزئی کے فارم 47 سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں اپنی نشست کی قسم کھانے کا چیلنج دے دیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ فارم 47 کے ذریعے آنے والے ارکان کی جانب سے قسم نہیں کھا سکتے، تاہم محمود خان اچکزئی اپنی نشست کے حوالے سے قسم کھا کر دکھائیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے حکومت نہیں بلکہ اپوزیشن اٹھ کر گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں سب سے پہلی بات سیاسی ڈائیلاگ شروع کرنے کی طے ہوئی تھی۔

محسن نقوی نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صوبائی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرے اور مسائل کا حل نکالے۔