اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات میں ایم کیو ایم کو شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں، بلکہ حکومت کو اسے مذاکراتی عمل کا حصہ بنانا چاہیے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی، ایم کیو ایم کے وزرا اور سینئر رہنما حکومت کو اچھے مشورے دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذاکراتی عمل میں ایم کیو ایم کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ سیاسی معاملات پر مشاورت میں پارٹی بھی اپنا کردار ادا کرسکے۔

فاروق ستار نے دہشت گردی کے خلاف مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ نعرہ بھی لگائیں گے کہ ’’دہشت گردی کا جو یار ہے، غدار ہے، غدار ہے۔‘‘