کراچی: جامعہ کراچی میں تعلیمی، انتظامی اور دفتری امور کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے جامع منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی ہدایت پر اس منصوبے کی تیاری کے لیے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے نمائندوں پر مشتمل نو رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
کمیٹی جامعہ کے تمام متعلقہ نظام، امور اور دفتری طریقۂ کار کو ڈیجیٹلائز اور خودکار بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت، انتظامی کارکردگی اور عالمی مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
منصوبے کے تحت سندھ حکومت کے ڈیجیٹل گورننس وژن کے مطابق روڈ میپ تیار کیا جائے گا، جبکہ کمیٹی کو چار ورکنگ دنوں میں تفصیلی پی سی ون سمیت اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




