کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی کے بھائی آزاد جکھرانی کے بنگلے پر چھاپے کے دوران ایک کلو سے زائد آئس اور کوکین برآمد ہونے کا پولیس نے دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق کارروائی ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی، جس کے قبضے سے پہلے ہی کوکین اور آئس برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ منشیات آزاد جکھرانی کی ہیں اور ان کے بنگلے میں مزید منشیات موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق چھاپے کے وقت آزاد جکھرانی گھر پر موجود نہیں تھے، جس کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ تاہم ان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی نے چھاپے پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کارروائی کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھائی سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں، تاہم یہ ان کا خاندانی گھر ہے۔

اعجاز جکھرانی کے مطابق انہوں نے وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ کو معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے چھاپے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپور نے جکھرانی ہاؤس پر چھاپے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔