پشاور: ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی بسوں کی منتقلی اور چوری سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ یہ ویڈیوز رواں سال بی آر ٹی کے لیے خریدی گئی نئی بسوں کی پشاور آمد کی ہیں۔

ٹرانس پشاور حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر دو ویڈیوز کو گمراہ کن انداز میں پیش کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بسوں کی منتقلی کی ویڈیو اگست 2026، جبکہ دن کے وقت منتقلی کی ویڈیو اکتوبر 2026 کی ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ دونوں ویڈیوز رواں سال بی آر ٹی کے لیے خریدی گئی نئی بسوں کی پشاور منتقلی سے متعلق ہیں، نہ کہ بسوں کی چوری سے۔

ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کے لیے رواں سال مجموعی طور پر 52 نئی بسیں خریدی گئی ہیں، جن میں سے 25 بسیں پشاور پہنچ چکی ہیں، جبکہ باقی 27 بسیں اسی ہفتے پشاور منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی بسوں کی شمولیت کے بعد بی آر ٹی کے بیڑے میں بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔