کراچی: نارتھ کراچی کے علاقے سرسید ٹاؤن میں گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن کی عمریں تقریباً 65 سے 70 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی او خواجہ اجمیر نگری، ایس ایچ او تھانہ سرسید، پولیس نفری اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق میاں بیوی کی شناخت محمد یامین اور نفیس اختر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں میاں بیوی کچھ عرصہ قبل کینیڈا سے پاکستان منتقل ہوئے تھے۔

واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ مزید حقائق جاننے کے لیے پولیس کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔