اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کی تمام اقسام، انڈور اور آؤٹ ڈور، کے خلاف پابندی کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں غیر قانونی شیشہ کیفوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں شیشہ کیفوں کو مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں، جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے غیر قانونی شیشہ کیفوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو منگل کے روز دوپہر 2 بجے طلب کر لیا۔

عدالت نے دونوں افسران کو ہدایت کی کہ وہ بیانِ حلفی جمع کرائیں کہ وفاقی دارالحکومت میں کوئی غیر قانونی شیشہ کیفہ کام نہیں کرے گا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شہر میں غیر قانونی شیشہ کیفے کس طرح کام کر رہے ہیں اور حکومت نے ان کی سرگرمیوں کو ضابطے میں لانے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔

اس موقع پر سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شیشہ کیفوں سے متعلق قواعد تیار کرکے حکومت کو ارسال کر دیے گئے ہیں اور ان کی منظوری جلد متوقع ہے۔

عدالتی کارروائی کے بعد پابندی کے نفاذ اور غیر قانونی شیشہ کیفوں کے خلاف کارروائی سے متعلق مزید پیش رفت متوقع ہے۔