اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مبینہ طور پر پارٹی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو شرکت سے روک دیا اور انہیں اجلاس سے باہر جانے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے آغاز پر فیصل کریم کنڈی بھی وہاں پہنچے، جس پر بلاول بھٹو نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہے، اس لیے وہ فی الحال باہر چلے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے فیصل کریم کنڈی کے طرزِ گفتگو پر بھی ناراضی کا اظہار کیا اور انہیں عاجزی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ اطلاعات کے مطابق بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف سخت زبان کے استعمال اور گورنر راج سے متعلق بیانات پر بھی تحفظات ظاہر کیے تھے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے اس سے قبل بھی فیصل کنڈی کو پیغام دیا تھا کہ وہ دھمکی آمیز بیانات سے گریز کریں۔ گورنر راج کے معاملے پر ان کے جارحانہ مؤقف کو بھی پارٹی قیادت کی ناراضی کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم اجلاس میں پیش آنے والے واقعے اور بلاول بھٹو سے منسوب گفتگو کے حوالے سے پیپلزپارٹی یا فیصل کریم کنڈی کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔