کراچی: کراچی بار ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کی مجوزہ تجویز پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی خودمختاری، منتخب حکومت اور عوام کے جمہوری مینڈیٹ کو کمزور کرنے والے کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے غیر معمولی آئینی اقدامات کو آئین کی کسوٹی پر پرکھنا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات کا حل آئینی مذاکرات، پارلیمانی عمل اور جمہوری مکالمے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، نہ کہ ایسے اقدامات کے ذریعے جو نمائندہ اداروں کو کمزور کریں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کا قیام ریاست کی ذمہ داری ہے، تاہم سیکیورٹی چیلنجز کو صوبائی خودمختاری محدود کرنے یا عوام کے ووٹ کی توہین کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔
کراچی بار نے وفاقی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے جمہوری مینڈیٹ کا احترام کیا جائے، آئین کی بالادستی برقرار رکھی جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو ملک میں سیاسی عدم استحکام کو بڑھا سکتے ہیں۔




