دادو/کراچی: سندھ کی بیٹی اُمِ رباب چانڈیو نے اپنے کزن ریاض علی چانڈیو کے قتل میں نامزد مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دادو پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔

اپنے بیان میں اُمِ رباب چانڈیو نے کہا کہ ملزمان کی نشاندہی کے باوجود انہیں گرفتار نہیں کیا جا رہا اور وہ آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انہیں یا ان کے خاندان کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری ایس ایس پی دادو صدام خاصخیلی پر عائد ہوگی۔

واضح رہے کہ 9 جولائی 2026 کو میہڑ میں اُمِ رباب چانڈیو کے کزن ریاض علی چانڈیو کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کے بیان کے مطابق مقدمے میں نامزد 10 ملزمان میں سے چھ تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔

اُمِ رباب چانڈیو نے آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، مفرور ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور مظلوم خاندانوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنگین مقدمات میں نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری سے قانون کی عمل داری پر سوالات اٹھتے ہیں۔

اُمِ رباب چانڈیو نے مطالبہ کیا کہ مقدمے میں پولیس کی اب تک کی کارروائی کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔