اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت آئینِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کے گواہ ہیں کہ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کے باوجود وعدے پورے نہیں کیے اور وعدہ خلافی کی۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ پیپلز پارٹی ہی آئین اور جمہوریت کو دفن کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی چار مرتبہ گورنر راج نافذ کر چکی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور سے لے کر آج تک بار بار کیے جانے والے آپریشنز کی حکمت عملی ناکام رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئینِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے کو قبول نہیں کرتے۔




