اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں پاک فوج تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔ پاک فوج صوبائی انتظامیہ کی معاونت کرے گی، جبکہ شہریوں کے جان و مال اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت بھی فوج کی ذمہ داری ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی 11 اکتوبر 2026 کو نافذ ہونے والی ایمرجنسی کی مدت تک برقرار رہے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا جی ایچ کیو سے مشاورت کے بعد فوجی نفری کا تعین کریں گے، جبکہ ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ رابطے میں فوجی دستوں کی تعداد طے کی جائے گی۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق فوج کی تعیناتی سے متعلق حکم نامہ آئندہ گزٹ آف پاکستان، پارٹ ٹو میں شائع کیا جائے گا۔




