اسلام آباد (11 اکتوبر 2026) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کے صدارتی فرمان پر دستخط کے بعد ایمرجنسی فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت نے خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی منظوری دی، جس کے بعد وفاقی حکومت نے ایمرجنسی کا باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کے اختیارات پارلیمان یا اس کے مجاز ادارے استعمال کریں گے، جبکہ وزیراعلیٰ، صوبائی وزرا، مشیران، معاونین اور ایڈووکیٹ جنرل اپنے عہدے چھوڑ دیں گے۔

دہشت گردی میں اضافے کو ایمرجنسی کی وجہ قرار

گزٹ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور پرتشدد کارروائیوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ سرکاری تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اضافے کے باعث عوام کے جان و مال کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی حکومت دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے میں ناکام رہی، جبکہ گورنر کی رپورٹ میں صوبے میں آئینی نظام کی ناکامی کی نشاندہی کی گئی ہے۔

گورنر کو صوبائی اختیارات سونپنے کا فیصلہ

صدارتی فرمان میں خیبر پختونخوا کی صورتحال کو صوبائی حکومت کے کنٹرول سے باہر قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کی مجموعی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بتایا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت وفاقی حکومت گورنر خیبر پختونخوا کو صوبائی حکومت کے اختیارات سنبھالنے کی ہدایت دے سکے گی، جبکہ گورنر وفاق کی جانب سے تفویض کردہ فرائض انجام دیں گے۔

ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد خیبر پختونخوا کے انتظامی اور آئینی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں، جبکہ صوبے میں حکومتی اختیارات کی منتقلی کا عمل نئے صدارتی فرمان اور گزٹ نوٹیفکیشن کے تحت آگے بڑھے گا۔