اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے شہر ریاض اور ابہا کے ائیرپورٹس پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر سعودی عرب کے خلاف حملے بند کرے۔
وزیراعظم نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے سعودی افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان فورسز نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان واقعات میں تین افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان ہر خطرے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم کی سعودی ائیرپورٹس پر حملوں کی شدید مذمت، حوثی ملیشیا سے فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ




