اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی معاملات کے حل کے لیے اہم مذاکرات اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں شروع ہوگئے، جہاں اپوزیشن رہنماؤں نے مذاکرات آگے بڑھانے کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کو اہم شرط قرار دیا ہے۔

اپوزیشن وفد میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، علامہ راجا ناصر عباس، سلمان اکرم راجا اور عامر ڈوگر جبکہ حکومتی وفد میں محسن نقوی، شیری رحمان، رانا ثناءاللہ، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی، امیر مقام، طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری شامل ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ان سے مشاورت کرکے ایجنڈا طے کیا جائے گا اور اسی کی روشنی میں مذاکرات آگے بڑھیں گے۔ علامہ راجا ناصر عباس نے بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر معاملات حل نہیں ہوسکتے۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے مطابق بات چیت ابھی شروع ہوئی ہے اور دونوں فریق اس بات پر متفق ہیں کہ آج مذاکرات سے کوئی نتیجہ نکالا جائے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال اور لانگ مارچ ملتوی کرنے کے معاملے پر بھی گفتگو متوقع ہے۔