اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنی پریس کانفرنس میں خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تقریباً ’’چارج شیٹ‘‘ پیش کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ اب ایسا نہیں چلے گا۔

خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی سہولت کاری میں ملوث ہوکر سیاست کے پیچھے نہیں چھپا جاسکتا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک دہشت گردی سے لڑ رہا ہے تو خیبرپختونخوا حکومت آگے کیوں نہیں آتی اور صوبائی پولیس کی استعداد بڑھانے کے اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم ریاست ہے، کیونکہ ریاست ہے تو سیاست اور جمہوریت ہے اور ریاست ہے تو ہم سب ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے یکم اکتوبر کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس بھی کی تھی۔