اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس یا ان کے چیمبر میں ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) کے کسی رہنما کے گھر، پاکستان کی کسی گلی یا کسی درخت کے نیچے بھی ملاقات کرسکتے ہیں، تاہم وزیراعظم ہاؤس یا وزیراعظم چیمبر نہیں جائیں گے۔

دوسری جانب اپوزیشن اتحاد نے وزیراعظم شہباز شریف کے 21 ستمبر کے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے مطابق حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوا تھا، جسے اپوزیشن اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں قبول کیا گیا۔

تازہ پیش رفت میں محمود خان اچکزئی نے مذاکرات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر جانے سے بھی انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کسی غیر جانب دار مقام پر ہونے چاہئیں۔