اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے تحریک انصاف کو سنجیدہ مذاکرات کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا، تاہم پی ٹی آئی اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے جس کا فورم حکومت نہیں بلکہ عدالت ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانونی اور آئینی طریقہ کار موجود ہونے کے باوجود جلسے جلوس اور شہروں پر چڑھائی کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں کروائی جاسکتی۔ عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی معاملے پر انہوں نے کہا کہ اگر عدالتی حکم پر عملدرآمد میں کوئی کمی بیشی ہے تو اسے عدالت ہی دیکھے گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ لانگ مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کے بعد حکومت کے پاس مذاکرات کا موقع ہے اور حکومت ایک قدم اٹھائے تو بات چیت شروع ہوسکتی ہے۔ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ 27 ستمبر سے مؤخر کرکے 4 اکتوبر کرنے کا اعلان کیا تھا۔