سکھر: گھوٹکی سے اغوا ہونے والے صحافی عظیم سیال شکارپور سے بحفاظت بازیاب ہو گئے۔ ایس ایس پی سکھر احمد چودھری کی سربراہی میں پولیس نے بازیاب صحافی کو سکھر پہنچایا۔

ایس ایس پی آفس کے مطابق احمد چودھری خود عظیم سیال کو شکارپور سے سکھر لے کر آئے، جہاں ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد وہ اپنے ورثا اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ گھوٹکی روانہ ہوگئے۔

صحافی کی بحفاظت بازیابی پر صحافتی حلقوں نے پولیس کی کوششوں کو سراہا۔ واضح رہے کہ عظیم سیال کی بازیابی کے لیے گزشتہ روز سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے تاحال یہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں کہ عظیم سیال کو کس مقام سے بازیاب کرایا گیا اور ان کے اغوا میں کون ملوث تھا۔