کراچی: میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا گیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے جسٹس عمر سیال کو کمیشن کا سربراہ نامزد کردیا، جس کی رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے بھی تصدیق کردی ہے۔
سندھ حکومت کی درخواست پر تشکیل دیے گئے جوڈیشل کمیشن کے تحت میر رضا قتل کیس کی تحقیقات سندھ ٹربیونل آف انکوائری آرڈیننس 1969 کے تحت کی جائیں گی۔ کمیشن تحقیقات کے آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ شفاف تحقیقات اور اصل حقائق کے تعین پر بھی توجہ دے گا۔
میر رضا قتل کیس میں خاندان کے تحفظات کے بعد جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ 29 جولائی کو گلستان جوہر سے میر رضا علی کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس کی جانب سے کیس کی تحقیقات جاری تھیں۔
سندھ حکومت نے کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دینے کی درخواست کی تھی، تاہم گزشتہ روز میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو مسترد کردیا تھا۔




