اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو مزید ممالک تک توسیع دینے کا اشارہ دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ 7 اگست کو ہونے والا مکہ سمٹ انتہائی اہم رہا، پاکستان نے مکہ معاہدے کے لیے اہم کردار ادا کیا، جبکہ یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ صرف تین ممالک تک محدود نہیں، معاہدے کے تحت خطے اور اس سے باہر اجتماعی سلامتی یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے جس کا مقصد امن و سلامتی ہے، معاہدے میں واضح ہے کہ ایک ملک پر حملہ تینوں پر حملہ تصور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کھلا ہے، تاہم یہ علم نہیں کہ مستقبل میں کون سے ممالک اس میں شامل ہوسکتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی قیادت میں بحری اتحاد کے معاہدے کو آپریشنل بنانے کیلئے بھی تیار ہے۔




