کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے میر رضا قتل کیس میں پولیس کی کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ افسوسناک ہے اور کیس پر نئی میڈیکو لیگل رپورٹ کی روشنی میں کام کیا جا رہا ہے۔
سندھ بار کونسل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے نئی ٹیم کو شفاف اور آزادانہ تفتیش کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ میر رضا کی فیملی کی جانب سے سابق تحقیقاتی ٹیم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ سامنے آیا ہے، تاہم قانون کے مطابق جو کارروائی بنتی ہے وہ کی جائے گی، تحقیقات مکمل ہونے تک مزید کچھ کہنا مناسب نہیں۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 7 ماہ کے دوران 27 ہزار پولیس اہلکاروں کو سزائیں دی گئیں، جبکہ سندھ پولیس کے ایک لاکھ 60 ہزار اہلکاروں میں سے ایک لاکھ 32 ہزار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور جرائم میں 14 فیصد کمی آئی ہے۔




