اسلام آباد: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا گیا۔
ایوانِ صدر میں جنرل سید عامر رضا کو اعزاز دینے کے لیے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں نشانِ امتیاز (ملٹری) عطا کیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، تمام سروسز چیفس، وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
جنرل سید عامر رضا کو یہ اعزاز ان کی شاندار اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ وہ چند ہفتے قبل ملک کے پہلے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر ہوئے تھے۔
اس سے قبل جنرل ہیڈکوارٹرز میں جنرل سید عامر رضا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ 24 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔




