تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق بھی اعتماد میں لیا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے گہرے تاریخی و ثقافتی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کی قیمتی بنیاد ہیں، جبکہ سیاسی، تجارتی اور سیکیورٹی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مستحکم اور اٹوٹ ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو ہمہ جہت بنیادوں پر مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر داخلہ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سفارتی امور، خطے کی حالیہ صورتحال اور سفارتی مذاکراتی عمل پر گفتگو ہوئی۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات میں بارڈر سیکیورٹی، مشترکہ چیلنجز اور سیکیورٹی تعاون کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔




