اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی منظوری دے دی۔

ایوانِ صدر کے اعلامیے کے مطابق لاہور، سندھ اور پشاور ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز جبکہ اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس میں بھی ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی گئی ہے۔

صدر مملکت نے سندھ اور لاہور ہائیکورٹس کے بعض ایڈیشنل ججز کی مستقل ججز کے طور پر توثیق کی بھی منظوری دے دی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

ہائیکورٹ ججز کی رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی گئی۔

صدر مملکت نے ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔