لاہور: سیشن عدالت نے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کے خلاف فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے سے متعلق مقدمے میں انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کردی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے کی۔ عدالت نے عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان قلمبند کرانے کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے قرار دیا کہ صوبائی وزیر آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔

واضح رہے کہ عظمیٰ بخاری نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

صوبائی وزیر نے فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں فلک جاوید کے خلاف این سی سی آئی اے میں مقدمہ بھی درج کرا رکھا ہے۔