کراچی: میر رضا کیس میں اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کہ میر رضا کے اہلخانہ نے کسی عدالتی کمیشن کے قیام کی درخواست نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی رضامندی ظاہر کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں جبران ناصر نے کہا کہ موجودہ مرحلے پر اہلخانہ کو عدالتی کمیشن کے قیام کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کے لیے ایک نئی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس سے میر رضا کے اہلخانہ آج ملاقات کریں گے۔
جبران ناصر کا کہنا تھا کہ اہلخانہ چاہتے ہیں کہ کیس کی تحقیقات شفاف اور مؤثر انداز میں آگے بڑھیں۔ سندھ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ سہولت کاری کے نام پر کیس میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مزید الجھنیں پیدا کرنے کی کوشش نہ کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت اہلخانہ کی توجہ نئی تفتیشی ٹیم کے ساتھ تعاون اور کیس کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے پر ہے۔




