مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
تیسرے مرحلے کے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، جبکہ پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
ان حلقوں میں سیاسی میدان خاصا اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، آئی پی پی کے سربراہ و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی امیدوار ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن سب سے آگے
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ہونے والی پولنگ میں مسلم لیگ ن نے 15 اور پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں جیتیں۔
اب تک 45 رکنی آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ پہلے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔




