کراچی: (رپورٹ : شھزاد جلبانی) نوجوان تاجر میر رضا کی قبر کشائی کا عمل کراچی کے سوسائٹی قبرستان میں شروع کر دیا گیا، جہاں میڈیکل بورڈ کے ارکان، اہلخانہ اور وکیل جبران ناصر موجود ہیں۔

قبرستان میں پولیس سرجن، سربراہ شناخت پروجیکٹ اور مجسٹریٹ بھی موجود ہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

میڈیکل بورڈ کے ارکان قبر سے مختلف نمونے حاصل کریں گے۔ حکام کے مطابق میر رضا کی لاش سے ڈی این اے سیمپل بھی حاصل کیا جائے گا، جبکہ بورڈ نے ان کے والد اور والدہ کے ڈی این اے سیمپلز لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ میر رضا کی لاش کے مختلف حصوں کا تجزیہ کیا جائے گا اور میڈیکل بورڈ میں شامل تمام ماہرین اپنی اپنی سطح پر لاش کا معائنہ کریں گے۔

واضح رہے کہ میر رضا کے اہلخانہ نے پہلے 5 رکنی میڈیکل بورڈ کو مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد حکومت نے دوبارہ پرانا میڈیکل بورڈ بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔