راولپنڈی: پاکستان اور صومالیہ نے دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عسکری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں وفد نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عسکری تعاون، استعدادِ کار میں اضافے اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صومالیہ کے وزیر دفاع نے پاکستان کی مستقل حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صومالیہ کے سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون اور عزم کا اعادہ کیا۔