کراچی: سندھ کے وزیر داخلہ و قانون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ضیاء الحسن لنجار نے مفتاح اسماعیل کی جانب سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری پر سندھ پولیس کی بھرتیوں سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، حقائق کے منافی اور قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری تمام وفاقی اکائیوں کے نمائندہ ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک حقیقی وفاقی جماعت ہے، جس میں ملک کی تمام اکائیوں، قومیتوں اور زبانیں بولنے والے شہریوں کی نمائندگی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدرِ مملکت کو کسی ایک صوبے یا زبان تک محدود کرنا قومی وحدت اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ، بالخصوص کراچی میں سرکاری بھرتیاں مقررہ قوانین، کوٹہ پالیسی اور میرٹ کے مطابق کی جاتی ہیں، جبکہ سندھ پولیس ایک پیشہ ور اور غیر جانبدار ادارہ ہے، جہاں ہر زبان بولنے والے افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز اور تمام قومیتوں کا مشترکہ شہر ہے، اس لیے سیاسی مفادات کے لیے شہریوں کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
ضیاء الحسن لنجار نے مفتاح اسماعیل پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد الزامات اور لسانی تقسیم کو ہوا دینے والے بیانات سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھرتی سے متعلق شواہد موجود ہیں تو انہیں متعلقہ قانونی اور انتظامی فورم پر پیش کیا جائے، کیونکہ بغیر ثبوت الزامات لگانا سیاسی اور قومی ذمہ داری کے منافی ہے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ مفتاح اسماعیل اپنے حقائق کے منافی اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی وضاحت کریں اور اسے واپس لیں، جبکہ اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست قومی یکجہتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی مواقع فراہم کرنے کے اصولوں پر قائم ہے۔




