اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، اقتصادی و دفاعی شراکت داری، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضۂ رسول اکرم ﷺ پر حاضری دے کر سلام پیش کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کو فروغ دینے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔




