کراچی(رپورٹ : شھزاد جلبانی): کراچی کے علاقے گزری تھانے میں تعینات پولیس اہلکاروں پر مبینہ رشوت وصول کرنے کے الزامات سامنے آگئے ہیں، جبکہ اس حوالے سے ایک مبینہ خفیہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہری نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی رشوت وصولی کی خفیہ ویڈیو ریکارڈ کی، جس میں ہیڈ کانسٹیبل خالد، اہلکار فیاض اور اہلکار محمد علی پر رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

الزامات کے مطابق ویڈیو میں اہلکار شہری سے رقم وصول کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل خالد کی ہدایت پر اہلکار فیاض نے 30 ہزار روپے وصول کیے۔

ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک اہلکار کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ "اگر ایف آئی آر درج کرو گے تو صبح عدالت جانا پڑے گا۔"

متاثرہ شہری نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ان الزامات اور ویڈیو کی سرکاری طور پر تصدیق یا تردید تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ مؤقف کا انتظار ہے۔