کراچی: تھانہ میمن گوٹھ پولیس نے انسدادِ جرائم کارروائی کے دوران پولیس مقابلے کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، اضافی میگزین، زندہ گولیاں اور دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق پولیس پارٹی معمول کی گشت اور انسدادِ جرائم کارروائی کے دوران کچا راستہ، مائی نیانڑی درگاہ روڈ، مراد میمن گوٹھ کے قریب پہنچی، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں مہتاب علی چانڈیو اور نظر محمد رند زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جبکہ کامران علی ملاح اور بلال دیپر کو بحفاظت گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم منیر ولد عباس موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول، دو 30 بور پستول، اضافی میگزین، متعدد زندہ گولیاں اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق بعض ملزمان ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت مختلف مقدمات میں پہلے بھی مطلوب رہے ہیں۔
ترجمان ضلع ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔




