کراچی: سندھ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر افسران اور جوانوں کی یاد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں پاک فوج، سندھ رینجرز اور سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت شہداء کے ورثاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو ملک و قوم کے لیے عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور ایثار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے رہنما لالہ اسد پٹھان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، ملک میں امن و استحکام اور سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔




