اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج 6 سے 8 اگست تک تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ اعلیٰ سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی و دفاعی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے میں علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور بھی زیر بحث آئیں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوگی۔




