اسلام آباد: ججز کی تقرری کی سمری صدرِ مملکت کی جانب سے تاحال منظور نہ کیے جانے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے آئینی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 48 اور آرٹیکل 75 کے تحت ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق قانونی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ آئین کے مطابق صدرِ مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں اور انہیں سمری موصول ہونے کے بعد اعتراض یا منظوری کے لیے مقررہ مدت حاصل ہوتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت نے اب تک جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر کوئی تحریری اعتراض وزیراعظم کو ارسال نہیں کیا، جبکہ آئینی مدت رواں ہفتے مکمل ہونے جا رہی ہے۔ اگر مقررہ وقت میں اعتراض موصول نہ ہوا تو سمری کو آئینی طور پر منظور تصور کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اگر صدر اعتراض کے ساتھ سمری واپس بھیجتے ہیں تو وزیراعظم اسے دوبارہ ارسال کریں گے، اور دوسری مرتبہ بھی مقررہ مدت میں دستخط نہ ہونے کی صورت میں سمری خودبخود منظور تصور ہوگی، جس کے بعد وفاقی حکومت ججز کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دے گی۔