اسلام آباد: سندھ کے ضلع خیرپور میں اعلیٰ معیار کے لیتھیم کی دریافت کے بعد پاکستان میں پہلی مقامی لیتھیم صنعت کے قیام کی جانب اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اس پیشرفت سے نہ صرف ملکی معدنی وسائل کے بہتر استعمال کی راہ ہموار ہوگی بلکہ صنعتی اور معاشی ترقی کے نئے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔

اس سلسلے میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (پنس ٹیک) کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

معاہدے کے تحت خیرپور میں دریافت ہونے والے اعلیٰ معیار کے لیتھیم کو جیوتھرمل نمکیاتی پانی سے تجارتی پیمانے پر نکالنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی تیار کی جائے گی۔ اس منصوبے سے پاکستان میں لیتھیم کی مقامی صنعت کے قیام، درآمدی انحصار میں کمی اور بیٹری و جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ میں لیتھیم کی تلاش کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید 8 سے 10 کنوؤں پر تحقیق کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ معدنی ذخائر کی مکمل استعداد کا جائزہ لیا جا سکے۔