اسلام آباد: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
اپنے پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کا اقدام غیر قانونی، یکطرفہ اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی تھا، جس سے جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کشمیری عوام تمام تر مشکلات اور ریاستی جبر کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد پر ثابت قدم ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی آزادیوں پر مزید قدغنیں لگائی گئیں، تاہم کشمیری عوام کی پُرامن جدوجہد آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔




