کراچی:(رپورٹ عبدالغفار بھٹو) کراچی کے علاقے سچل، غازی گوٹھ بلاک کا رہائشی محنت کش نوجوان طفیل احمد راجپر گزشتہ دو روز سے پراسرار طور پر لاپتا ہے، جس کے باعث اہلِ خانہ شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق لاپتا نوجوان فوڈ پانڈا میں بطور ڈلیوری رائیڈر ملازمت کرتا تھا اور معمول کے مطابق مختلف علاقوں میں کھانے کے آرڈرز پہنچا رہا تھا۔

لاپتا نوجوان کے والد امداد راجپر نے بتایا کہ طفیل احمد ایک گاہک کو کیپیٹل سوسائٹی میں فوڈ ڈلیوری دینے گیا تھا۔ آرڈر مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد اس کا موبائل فون بند ہوگیا، جس کے بعد سے اس سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اور نہ ہی اس کا کوئی سراغ ملا ہے۔

اہلِ خانہ نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ایسٹ زون اور ایس ایس پی ایسٹ سے فوری نوٹس لینے، نوجوان کی تلاش کے لیے مؤثر اقدامات کرنے اور اسے بحفاظت بازیاب کرانے کی اپیل کی ہے۔

پولیس کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات یا پیش رفت کا تاحال باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔