اسلام آباد: پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف، نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر غیر معمولی اتفاق رائے کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کو پہلی ترجیح قرار دے دیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے اور یہ عمل وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہی مکمل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ وزیراعظم شہباز شریف کہیں جا رہے ہیں اور نہ ہی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اس لیے نئے صوبوں کا خواب موجودہ حکومت ہی پورا کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر محسن نقوی کی رائے سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کے مطابق جنوبی پنجاب کے قیام پر وسیع اتفاق رائے موجود ہے اور سب سے پہلے اسی خطے کو الگ صوبے کا درجہ ملنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں نئے صوبوں کی تشکیل آبادی اور انتظامی ضروریات کی بنیاد پر ہونی چاہیے تاکہ عوام کو بہتر طرزِ حکمرانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔