اسلام آباد: نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے ایک بار پھر موجودہ حکومت کے خاتمے اور قومی حکومت کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی چیلنجز کا حل صرف مذاکرات اور قومی اتفاقِ رائے میں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمیٹی کے رہنماؤں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، محمود مولوی اور محمد علی درانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان بامقصد مذاکرات ناگزیر ہیں اور قومی حکومت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک کے مسائل کے مستقل حل کے لیے نئے صوبوں کے قیام پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور انہیں قومی مشاورت کے عمل میں شامل کرنا بھی اس عمل کا اہم حصہ ہونا چاہیے۔