اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور طے شدہ اہداف و ٹائم لائنز پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں ترتیب دیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار متاثر نہ ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے، کیونکہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے کسانوں کی مالی وسائل تک رسائی ناگزیر ہے۔
اجلاس میں وزارتِ نجکاری نے وزیراعظم کو نجکاری پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل کی گئی۔




