لندن: ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں برینٹ کروڈ کی قیمت 83 ڈالر 16 سینٹ فی بیرل تک آ گئی۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے ایران پر حملے روکنے کے اعلان اور خطے میں سفارتی سرگرمیوں کی بحالی کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

برینٹ کروڈ کی قیمت میں 5.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد گراوٹ دیکھی گئی۔

برینٹ کروڈ 4 ڈالر 76 سینٹ سستا ہو کر 83.16 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 5 ڈالر 21 سینٹ کمی کے بعد 79.45 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے اور آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیاں معمول پر آنے کی صورت میں خام تیل کی قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں، جس سے عالمی سطح پر مہنگائی میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔