کراچی: میر رضا کی پراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ میر رضا کو گولی سینے پر لگی، تاہم یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ آیا گولی پیچھے سے لگی تھی یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ میر رضا نے واقعے سے قبل سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اپنے پاس لیا تھا۔ ان کی لاش کی موجودگی کی اطلاع قریبی نرسری کے مالک نے پولیس کو دی۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جس مقام سے لاش ملی وہاں مشکوک موٹرسائیکل سوار افراد کی موجودگی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جن کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تحقیقات کے مطابق میر رضا گھر سے نکلتے وقت صرف ایک ہزار روپے ساتھ لے گئے تھے، جبکہ اسمارٹ واچ، بٹوہ (والٹ) اور گاڑی گھر پر ہی چھوڑ گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ موت سے قبل ان کے پاس 40 ہزار روپے موجود تھے اور وہ کاروباری نقصان کے باعث مختلف افراد کے 5 سے 8 کروڑ روپے کے مقروض بھی تھے۔

تفتیشی حکام کے مطابق واقعے کے بعد اب تک نہ اسلحہ ملا ہے اور نہ ہی گولی کا خول برآمد ہوا ہے۔ اس کیس میں 15 سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق میر رضا کی میڈیکل رپورٹ آج موصول ہونے کی توقع ہے، جبکہ موبائل فون کی فرانزک رپورٹ آئندہ ایک سے دو روز میں سامنے آنے کا امکان ہے۔