کوئٹہ: پائپ لائن میں اچانک خرابی کے باعث کوئٹہ کے متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ترجمان کے مطابق 16 انچ قطر کے ایک والو میں فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث گیس کی سپلائی متاثر ہوئی۔ خرابی دور کرنے کے لیے تکنیکی عملہ ہنگامی بنیادوں پر مرمت کے کام میں مصروف ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اگر مرمتی کام بروقت مکمل ہو گیا تو شام 6 بجے تک گیس کی فراہمی بحال کیے جانے کی توقع ہے۔
گیس سے متاثرہ علاقوں میں مشرقی بائی پاس، لنک بادینی، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، کرانی روڈ، کلی ترخہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، گوالمنڈی، مالی باغ اور مشن اسپتال و اکرم اسپتال کے اطراف کے علاقے شامل ہیں۔
ایس ایس جی سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گیس کی مکمل بحالی تک روزمرہ ضروریات کے لیے متبادل انتظامات کر لیں۔




